بلوچستان کے طلبہ کی اسکالرشپس کے خاتمے کے خلاف بلوچ کونسل ملتان کے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور طلبہ کے شانہ بشانہ چل کر ملتان سے اسلام آباد تاریخی احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ بی ایس او

مرکزی ترجمان, بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کہا ہیکہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان اور فاٹا کی سیٹوں پر قدغن لگا کر اسکالرشپس ختم کر دیئے گئے ہیں جس سے طلبہ میں شدید مایوسی اور بےچینی پھیل گئی ہے۔

بلوچستان کی زبوں حال تعلیمی انفراسٹرکچر سے مایوس طلبہ پنجاب کی تعلیمی اداروں میں روشن مستقبل کی امید لیکر آ رہے تھے مگر طلبہ کی ان امیدوں کو بھی ختم کیا جا رہا ہے جوکہ سراسر زیادتی ہے۔

اسی اثناء میں بہاؤلدین ذکریہ یونیورسٹی ملتان کے طلبہ گزشتہ ڈیڑھ مہینے سے یونیورسٹی گیٹ پر احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہیں تاکہ ایوان اختیار سے کوئی داد رسی ہو مگر افسوس کہ کہیں سے کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ اسی لئے طلبہ نے یہ تہیہ کر لیا ہے کہ وہ ملتان سے لیکر اسلام آباد تک پیدل لانگ مارچ کرکہ ارباب اختیار کی توجہ اس اہم ایشو کی طرف مبذول کرائیں گے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے بلوچ کونسل ملتان کی جراتمندانہ فیصلے کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور طلبہ کے شانہ بشانہ چل کر تاریخی احتجاج ریکارڈ کرانے کا عندیہ دیا ہے۔

علاوہ ازیں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تمام طلبہ تنظیموں اور ترقی پسند قوتوں سے گزارش کرتی ہے کہ وہ طلبہ کے اس مارچ میں بھرپور شرکت کریں اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ طلبہ کے وسیع تر اتحاد سے یہ تحریک فقط اسکالرشپس تک محدود نہیں رہے گی بلکہ طلبہ کے تمام مسائل کے حل کیلئے دائرے وسیع کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.