بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد کے مشترکہ نشست میں متعدد تنظیمی معاملات پر باہمی اتفاق و رضامندی پیدا کی گئی۔ بلوچ طلبہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد اور اشتراک عمل کو عہد کی ضرورت قرار دیا گیا۔

نیوز: اسلام آباد زون، بی ایس او 

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی بروز منگل، 17 نومبر 2020 کو بلوچ اسٹوڈنٹس کاونسل اسلام آباد کے ساتھ ایک نشست ہوئی، جس میں متعدد معاملات زیر بحث رہے. اس مرحلہ وار بحث کے اختتام پر باہمی رضا مندی سے مختلف معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے۔

طویل گفت و شنید اور مباحثہ کے باعث مشترکہ تنظیمی و قومی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے بی ایس او نے طلبہ مارچ کی تیاریوں کیلئے حال ہی میں تشکیل دی گئی اسلام آباد کی ورکنگ باڈی کو تحلیل کرتے ہوئے مارچ کو بلوچ کونسل اسلام آباد کی بحث میں شامل کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں بی ایس او کے تمام ممبران پہلے کی طرح بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد میں اپنے متعلقہ اداروں کی ذیلی کونسلز میں اپنا بھرپور کام جاری رکھیں گے اور بلوچ قوم کی خدمت میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے رہیں گے۔

بی ایس او اتحاد و اشتراک عمل پر یقین رکھتی ہے اور بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل کے اس مکالمے کے عمل کو بیحد سراہتی ہے اور بلوچ طلبہ کے حقوق اور بہتری کی جہد میں اسے ایک مثبت پیش رفت سمجھتی ہے۔

دونوں اطراف نے اس باہمی رضا مندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ گفت و شنید اور اتفاق کے اس عمل کو مذید توانا و مضبوط کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.