بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حب زون کا اجلاس، سات رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ عالم بلوچ آرگنائزر، رخسار بلوچ ڈپٹی آرگنائزر اور یاسر بلوچ پریس سیکریٹری منتخب

رپورٹ: یاسر بلوچ، پریس سیکریٹری حب زون، بی ایس او

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حب زون کا اجلاس زیرِصدارت بانک سازین بلوچ منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی مرکزی سینٸر جوائنٹ سیکرٹری جیئند بلوچ تھے اور اعزازی مہمان شال زون کے آرگنائزر حسیب بلوچ تھے جبکہ عالم بلوچ نے اجلاس کی کاروائی چلائی۔

اجلاس میں تعارفی نشست، علاقائی اور عالمی صورتحال، زونل رپورٹ، سوالات سیشن اور تنقید برائے تعمیر کے علاوہ آئیندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈوں پر تفصیلی بحث کی گئی اور حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

اجلاس میں علاقائی اور عالمی تناظر پہ دوستوں نے بحث کرتے ہوئے کہا کہ آج جس عہد کے اندر ہم جی رہے ہیں اس وقت سرمایہ دارانہ نظام پوری دنیا میں بحرانی کیفیت سے دوچار ہے جس سے پسماندہ ممالک اور محکوم خطوں میں انسانی بحران جنم لے چکا ہے۔ بالواسطہ یا بلا واسطہ جنگوں کی زد میں آ کر محکوم عوام کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں اور معاشی طور پر بدحال عوام کا جینا دوبر ہو گیا ہے۔

بحث میں کہا گیا کہ اس تمام تر اضطرابی کیفیت کے اندر محکوم عوام کے اندر ایک انقلابی لاوا ابل رہا ہے جو کہ حکمران طبقے کی بنیادوں کو بھی ہلا رہی ہے۔ امریکہ سے لیکر یورپ اور افریقہ و ایشیاء تک عوامی مزاحمتیں اپنا لوہا منوا رہی ہیں جس سے جہدکاروں کیلئے نئی امید کی کرنیں روشن ہو رہی ہیں۔

علاقائی صورتحال پر بحث کرتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا کی بدلتی رجحانات کے تناظر میں بلوچستان میں بھی شاندار انقلابی تبدیلیاں رونماء ہو رہی ہیں اور نوجوان نسل میں سیاسی مزاحمت کا شاندار جذبہ بیدار ہو چکا ہے۔ مگر جس عنصر کی کمی پائی جا رہی ہے وہ انقلابی قیادت کی ہے اور انقلابی قیادت کے ساتھ درست پروگرام اور حکمت عملی کا انتخاب کرنا ناگزیر شرط ہے، جس پر آج کی نسل کو بہرصورت غور کرنا پڑیگا۔

اجلاس نے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس او وہ انقلابی ادارہ ہے جو ان بحرانات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پختہ نظریہ اور جامع پروگرام رکھتی ہے اور کیڈرسازی کے انقلابی عمل کو آگے بڑھا رہی ہے۔ اس لئے آج کے عہد میں نوجوانوں کو بی ایس او کے پلیٹ فارم کے اندر منظم کرنا پڑیگا تاکہ یہ وقت رائیگاں نہ گزرے اور قوم کا مقدر تاریکی سے روشنی میں تبدیل ہو جائے۔

خود تنقیدی ایجنڈے پر تنظیم کی کمزوریوں اور توانائیوں پر سیر حاصل بحث کرتے ہوئے نئے اہداف وضع کیئے گئے۔ جبکہ آئیندہ کے لائحہ عمل کے اندر حب زون کی سات رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کے مطابق زونل آرگنائزر عالم بلوچ، ڈپٹی آرگنائزر رخسار بلوچ، پریس سیکریٹری یاسر بلوچ، آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان فہد بلوچ، سرفراز بلوچ، آصف بلوچ اور میر احمد چنے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.