شہید محراب پندرانی کو انصاف کی فراہمی کیلئے احتجاجی مظاہروں کی حمایت کرتے ہیں۔ تربت سول سوسائٹی کے احتجاج میں تنظیم بھرپور شرکت کرے گی۔ مرکزی ترجمان، بی ایس او

پریس ریلیز: مرکزی ترجمان، بی ایس او

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہیکہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے معروف ٹرانسپورٹر نے اپنے گھر کے ملازم 13 سالہ محراب پندرانی کو جسمانی تشدد کرکہ شہید کر دیا ہے اور قاتل تاہنوز قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ جس کے خلاف بلوچستان بھر کے سیاسی و سماجی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

مرکزی ترجمان نے کہا کہ ہمارے سماج میں گھریلو ملازمین پر تشدد بہت زیادہ بڑھ چکا ہے جس پر کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا اسی لیئے بدمست زردار و سرمایہ دار انسانی حقوق کو خاطر میں لائے بغیر اس جرم کا ارتکاب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محراب پندرانی کے قاتل بلوچستان کے سب سے بڑے سرمایہ داروں میں شمار ہوتے ہیں جنہیں ریاست کے تمام اداروں کی خصوصی پشت پناہی حاصل ہے جبکہ شہید محراب ایک غریب گھرانے کا مزدور بچہ تھا جوکہ دولتمند بھیڑیوں کی جبر کا نشانہ بنا۔

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ترجمان نے شہید محراب کے قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے شہید محراب کے حق میں ہونے والے تمام احتجاجی مظاہروں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے اور تنظیمی ارکان کو سختی سے تاکید کی ہے کہ وہ مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکہ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.