پاکستان میڈیکل کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے طلباء رہنماؤں پر کوئٹہ پولیس کی حملے، تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف تربت میں بی ایس او اور بی ایس او(پجار) کی جانب سے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

رپورٹ(تربت زون، بی ایس او)

احتجاجی ریلی عطاء شاد ڈگری کالج سے نکل کر شہید فدا احمد چوک تک بلند و بانگ نعرے لگاتے ہوئے پہنچی جہاں ریلی نے جلوس کی شکل اختیار کی۔ مظاہرین نے کوئٹہ میں سراپا احتجاج طلبہ کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پولیس کے بہیمانہ رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پولیس گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرے میں بی ایس او اور بی ایس او (پجار) کے علاوہ سول سوسائٹی اور آل پارٹیز کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اور گرفتار طلباء کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام ایف آئی آر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی آنلائن انٹری ٹسٹ سے متاثر طلباء کے مطالبات تسلیم کرنے اور مسائل حل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے بی ایس اُو کے مرکزی جونئیر جوائنٹ سیکریٹری ظفر رند، رکن سنٹرل کمیٹی خلیفہ برکت، بی ایس او پجار کے مرکزی سنئیر وائس چئیرمین بوہیر صالح، رکن سنٹرل کمیٹی نوید تاج، آل پارٹیز کیچ کے کنونئیر مشکور انور، تربت سیول سوسائٹی کے کنونئیر گلزار دوست نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پولیس کی تشددانہ رویہ اور حکومت بلوچستان کی آمرانہ روش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے طلباء کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.