بلوچ اسٹوڈنٹس آرگناٸزیشن کے مرکزی  کمیٹی کا تعارفی اجلاس زیر صدارت مرکزی چیٸرمین چنگیز بلوچ منعقد ہوا. جس میں تعارفی نشست سمیت تنظیمی امور اور آٸندہ کا لاٸحہ عمل کے ایجنڈاز زیر بحث رہے۔

رپورٹ: مرکزی انفارمیشن سیکریٹری

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگناٸزیشن کی مرکزی کمیٹی کا پہلا تعارفی اجلاس شال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت بی ایس او کے مرکزی چیٸرمین چنگیز بلوچ نے کی اور اجلاس کی کاررواٸی مرکزی سیکریٹری جنرل اورنگزیب بلوچ نے چلاٸی۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز شہداٸے بلوچستان سمیت دنیا بھر کے انقلابی شہیدوں کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔ تعارفی نشست کے بعد مرکزی چیٸرمین چنگیز بلوچ نے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ بلوچ قوم کی بقا بی ایس او کی مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے. بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو اپنے تاریخی کردار پر مضبوطی سے قائم رہنا ہوگا، اور ہمیں بی ایس او کے اس اہم خودمختارانہ ادارے کو اس کی عظمت تک پہنچانا ہوگا. بلوچ قوم کو انقلابی لیڈرشپ کی فراہمی کیلئے کیڈر سازی کے عمل کو تیز تر اور تسلسل بخشنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے. بلوچ قومی سیاست میں موجود قیادت کے بحران کو حل کرنا صرف بی ایس او کی بحالی ہی سے ممکن ہے. ہم آج ایک اہم تاریخی موڑ پر ہیں جہاں ہمیں قومی ذمہ داریوں کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھنا ہوگا.

انہوں نے مزید کہا کہ بی ایس او کی تعمیر ایک عظیم قومی فریضہ ہے، جو ہم سے عظیم قربانیوں کا مطالبہ کرتی ہے. بی ایس او کی قیادت کو اپنے تاریخی کردار کو سمجھ کر آگے بڑھنا ہوگا. بلوچستان میں ہونے والی زیادتیوں اور قومی وسائل کی لوٹ کھسوٹ بلوچ قوم کے ہر فرد پر ذمہ داری عائد کرتی ہے کہ وہ اپنے حقوق کی خاطر سیاسی عمل میں شریک ہو. چیٸرمین نے تنظیمی اداروں کی مکمل فعالی اور موجودہ حالات سمیت آنے والے مشکل ترین حالات پر نظر رکھنے اور تیار رہنے کی تلقین کی۔

تنظیمی امور پر بات کرتے ہوٸے مرکزی قاٸدین نے سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھنے، رابطہ کاری کے عمل کو تیز کرنے، اداروں کو فعال رکھنے، جلد بازی، بھڑک بازی، اور غیر تنظیمی و غیر ساٸنسی رویوں اور حرکات سے اجتناب کرنے پر زور دیا اور ذمہ داریوں کو انقلابی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ کر نبھانے کا اعادہ کیا گیا۔

آٸندہ کے لاٸحہ عمل میں تمام ریجنز میں قاٸدین کے سیاسی دورے، بامسار کے نٸے ایڈیشن کی اشاعت اور زونز کی جلد از جلد بحالی سمیت دیگر اہداف مقرر کیے گٸے اور تنظیم کے انقلابی کام کو اسی شان و شوکت کے ساتھ آگے بڑھانے کا تہیہ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.