بی ایس ایف کے ساتھیوں پر ایف آٸی آر نا قابل قبول ہے، لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ دشمن اقدامات میں ملوث رہی ہے: بی ایس او
ترجمان: بی ایس او اوتھل زون
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوتھل زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ 19 اکتوبر کو ساتھی تنظیم بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کی جانب سے طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کی بناء پر لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ ریکارڑ کرائی گئی تھی جس میں کثیر تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے اپنے جائز مطالبات کو منوانے کی خاطر لسبیلہ یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
اس دوران یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلباء و طالبات کے پر امن احتجاجی مظاہرے کو بزورِ شمشیر سبوتاژ کرنے کے لیے پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کو یونیورسٹی میں تعینات کیا مگر پھر بھی طلباء نے اپنے احتجاجی مظاہرے کو ایک پر امن طریقے سے جاری رکھا اور بالآخر یونیورسٹی انتظامیہ نے مجبور ہو کر طلباء سے مزاکرات کیا اور ان کے تمام تر مطالبات کو جائز قرار دےکر طلباء کو یقین دہانی کرائی کہ اس پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور جلد از جلد ان تمام تر مسائل کو حل کردیا جائیگا۔
مزید ترجمان نے کہا کہ حیرانگی کی بات تو یہ کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے احتجاج میں موجود کثیر تعداد میں طلباء و طالبات کو یونیورسٹی سے معطل کیا گیا اور بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے زمہ داران پر ایف آئی آر درج کیا گیا ہے تاکہ آئندہ کبھی طلباء و طالبات اپنے حق کی خاطر احتجاج کرنے سے بھی گریز کریں اور انتظامیہ کے سامنے آواز اٹھانے کی جرأت نہ کریں۔ مگر انتظامیہ کی جانب سے یہ بزدلانہ کاررواٸی اور جھوٹا ایف آٸی آر قابل مذمت ہے۔ لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ آٸے روز طلبہ دشمن اقدامات پالیسیز میں پیش پیش ہے، طلبہ کے بنیادی حقوق کو سلب کرنا اور انہیں ھراساں کرنا اپنا شیوہ بنا چکا ہے یہ عمل ہرگز قابل قبول نہیں۔
آخر میں ترجمان نے کہا کہ ہم لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کی تعلیم دشمن عمل کی شدید الفاظوں میں مذمت کرتے ہیں۔ ہم بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے ساتھیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہیں کہ طلباء کے ایف آئی آر واپس لیا جائے اور معطل شدہ طلباء کی داخلے کو واپس بحال کیا جائے تاکہ طلبہ ایک پرامن ماحول میں رہ کر اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں۔ بصورت دیگر بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوتھل زون لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کی طلباء دشمن پالیسیوں کے خلاف مسلسل احتجاج ریکارڈ کروائے گی اور ساتھی طلبہ تنظیم سے مل کر سخت احتجاج کی راہ اپناٸے گی۔