ایم ڈی کیٹ امتحانات میں بدعنوانی تعلیمی نظام میں استحصالی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے ۔ بی ایس او وڈھ زون
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (بی ایس او) وڈھ زون کے ترجمان نے خضدار میں ایم ڈی کیٹ کے امیدواران کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ یہ اقدامات بلوچستان کے تعلیمی نظام کے خلاف ایک سازش کا حصہ ہیں، جس کے تحت ہمیشہ بلوچستان کے طلبہ کو تعلیمی میدان میں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ یہ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی پالیسیوں میں بلوچستان کے طلبہ کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ان کے تعلیمی خوابوں کو جان بوجھ کر توڑا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ امتحانات میں آؤٹ آف سلیبس سوالات شامل کرنا ایک منظم استحصالی نظام کی عکاسی کرتا ہے، جو نہ صرف میرٹ کی پامالی ہے بلکہ محنتی اور باصلاحیت طلبہ کے لیے ایک تعلیم دشمن اقدام ہے۔ اس عمل سے طلبہ کی علمی صلاحیتوں پر گہرے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، اور ان کے تعلیمی خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے راستے مسدود کیے جارہے ہیں۔ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف بلوچستان کے طلبہ بلکہ پورے تعلیمی نظام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ریاستی اقدامات کے ذریعے غریب طلبہ کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا اور ان کی تعلیمی جدوجہد کو ناکام بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ یہ صرف ایک امتحانی مسئلہ نہیں بلکہ پورے تعلیمی نظام میں موجود بدعنوانی اور استحصالی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، جو بلوچ طلبہ کو تعلیم سے دور کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔
بی ایس او وڈھ زون نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ تنظیم ماضی کی طرح آج بھی خضدار سمیت پورے بلوچستان میں طلبہ حقوق کی دفاع میں برسرِ پیکار رہیں گے ۔