بی ایس او شال زون کا آرگنائزنگ باڈی اجلاس، اجلاس میں زونل ایکٹیویٹیز کو بڑھانے کے متعلق اہم فیصلہ جات لیے گئے۔

رپورٹ: پریس سیکرٹری شال زون

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شال زون کا آرگنائزنگ باڈی اجلاس زیر صدارت ڈپٹی آرگنائزر بلاول بلوچ جامعہ بلوچستان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خاص مرکزی سیکریٹری جنرل اورنگزیب بلوچ تھے۔ اجلاس کا آغاز شہدا بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا جب کہ دیگر ایجنڈوں میں علاقاٸی و عالمی صورتحال، تنظیم امور اور آئندہ کا لاعمل زیر بحث رہے۔

اجلاس میں علاقاٸی و عالمی صورتحال کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ آج دوبارہ سے دنیا میں حالات تیزی کے ساتھ بدل رہے ہیں۔ عالمی سامراجی طاقتوں کے آپسی تضادات کھل کر نئی جنگوں اور صف بندیوں کی صورت میں دنیا بھر میں دکھائی دے رہی ہیں۔ سماجی حالات کے تناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلی دنیا میں بھی مجموعی سماجی شعور ظلم و جبر پر قائم اس نظام کے خلاف مختلف عوامی تحریکوں کی صورت میں اپنے غم و غصّے کا اظہار کر رہی ہیں۔ اسی طرح طلبہ بھی بے تحاشہ مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جس کےلیے ضروری ہے کہ طلبہ کو اُن کے حقیقی مسائل کے گرد جوڑتے ہوئے طلبہ تحریکوں کےلیے راہیں ہموار کیے جاٸیں۔

ساتھیوں نے تنظیمی امور کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر حالات تیزی کے ساتھ کروٹ لے رہے ہیں تو ہم پر بھی بہت سی زمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کیونکہ محکوم بلوچ سماج پہلے سے دہائیوں پر محیط جبر و تسلط کا شکار ہے۔ ان جنگوں کی وجہ سے عام بلوچ عوام کی زندگی مزید تباہی کے دہانے پر ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان اپنی قدر و قیمت کا ادراک کرتے ہوئے بلوچ نوجوانوں اور سماج کو یکجا کرنے میں ترقی پسندانہ کردار ادا کریں۔

مزید برآں تعلیمی اداروں کی زبوں حالی پر بات کرتے کوئے کہا گیا کہ جامعہ بلوچستان یہاں کی سب سے پرانی اور واحد سرکاری یونیورسٹی ہونے کے باوجود شدید معاشی اور ادارہ جاتی مسائل کا شکار ہے۔ طلبا کی مسلسل ہراسانی، غیر معیاری تعلیم، ہاسٹلز میں سہولیات کا فقدان، فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور غیر معیاری خوراک جیسے کئی دوسرے مسائل آج بھی وجود رکھتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ طلبہ کو ان کے بنیادی مسائل کے گرد جوڑ کر طلبہ کے بنیادی حقوق و اختیارات بحال کیے جائیں اور طلبہ کو خوشگوار ماحول میں تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے میں فوری اہداف کا تعین کرتے ہوئے اہم فیصلہ جات لیے گئے اور شال زون میں تنظیمی ایکٹیوٹیز کو ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کے متعلق نئے اہداف طے کیے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.