بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شال زون، جامعہ بلوچستان یونٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ یونٹ رپورٹ، سیاسی تناظر اور آئیندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے اور اہم اہداف متعین کیئے گئے۔
رپورٹ: جامعہ بلوچستان یونٹ، بی ایس او
بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شال زون(یو او بی یونٹ) یونٹ کا اجلاس زیر صدارت یونٹ سیکریٹری حکمت قمبر منعقد ہوا جبکہ اجلاس کے مہمان خاص مرکزی انفارمیشن سیکریٹری اورنگزیب بلوچ تھے اور اجلاس کی کاروائی ڈپٹی یونٹ سیکریٹری زرناز بلوچ نے چلائی۔
اجلاس کی کاروائی کا آغاز تعارفی نشست سے ہوا جس میں مختلف اہم ایجنڈے جیسا کہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال، تنظیم، جامعہ بلوچستان کے طلبہ کو درپیش مسائل، تنقید برائے تعمیر اور آئندہ کا لائحہ عمل زیر بحث رہے۔
مزید برآں اجلاس میں طلبہ و طالبات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پھر سے مظلوم قومیتوں، کسان و مزدوروں اور طلبہ کی ابھرتی تحریکیں اس بات کی نشاندھی کرتی ہیں کہ سرمایہ دارانہ نظام انسانی اخلاقیات پر مبنی سماج نہیں بلکہ مظلوم و محکوم اور محنت کش عوام کی استحصال پر قائم نظام ہے جس کے خلاف آج پھر سے منظم عوامی تحریکیں انصاف پر مبنی سماج کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ ان حالات کے پیش نظر طلبہ تحریکوں کی اہمیت اور کردار پر تفصیلی بحث کی گئی اور جامعہ بلوچستان میں طلبہ و طالبات کو درپیش مسائل جن میں کینٹینز کی زبوں حالی، گرلز ہاسٹل میں انتظامیہ کی جانب سے طالبات پر غیر ضروری پابندیاں، وارڈن کی جانب سے طالبات کے ساتھ ناروا رویہ اور فیسوں میں اضافے زیر بحث رہے۔
آخر میں فائنانس اور یونٹ کے انتظامی معاملات میں بہتری لانے کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور جامعہ بلوچستان کے طلبہ کو درپیش مسائل پر حکمت عملی مرتب کیا گیا۔