چیئرمین چنگیز بلوچ کا مرکزی وفد کے ساتھ تربت و گوادر کا دورہ۔ تربت میں بالاچ بلوچ کی شہادت پر عوامی مزاحمت کو پورے بلوچستان کےلیے امید اور حوصلے کا باعث قرار دیا۔

مرکزی ترجمان

بی ایس او کے مرکزی چیئرمین چنگیز بلوچ نے کیچ کا دورہ کیا، مرکزی وفد میں مرکزی وائس چیئرمین جیئند بلوچ، جوائنٹ سیکرٹری شیرباز بلوچ اور مرکزی کمیٹی کے رکن نصیر بلوچ شامل تھے۔ وفد نے تربت کا تفصیلی دورہ کیا اور گوادر بھی گئے، جس میں دھرنے میں شرکت سمیت تنظیمی و سیاسی ساتھیوں سے ملاقاتیں رہیں۔

تنظیمی وفد نے تربت کے تفصیلی دورے میں شہید بالاچ بلوچ کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف جاری دھرنے میں شرکت کی اور تربت کے مختلف سیاسی و سماجی اکابرین سے ملاقاتیں کیں۔ تربت میں بالاچ بلوچ کی شہادت پر عوامی مزاحمت کو پورے بلوچستان کےلیے حوصلہ بخش تحریک قرار دیا۔ عوامی اجتماع ہمہ وقت ایک سیاسی درس گاہ بھی ہے جو ہر عام و خاص کے سیاسی شعور اور مضبوط عمل کو سنوارتی ہے۔ تربت ایک عرصے سے بلوچ سیاست کے مرکز کے طور پر رہا ہے اور اس تحریک کے دیر پا اثرات علاقاٸی و قومی سطح پر دیکھے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ہی تربت یونیورسٹی کا دورہ کیا اور تنظیمی ساتھیوں سے مسلسل نشستیں رہیں، جس میں تربت دھرنا مرکزی موضوع رہا اور عوامی تحریکوں میں طلبہ کے کردار پر مباحث اہم رہے۔ عالمی و قومی تناظر میں خود رو تحریکوں کی آمد عوامی سطح پر انقلابی قوتوں کےلیے خوش آئند عمل ہے۔ جہاں عالمی پراکسی جنگ بلوچستان میں پنجے مضبوط کررہی ہے اور پاکستانی سماج و ریاست میں دھڑے بندی و پولرائزیشن میں تیزی آرہی ہے وہ مستقبل قریب میں مشکل حالات کا باعث ہوگی جس میں قومی بقا و حاکمیت کی بحالی کا بڑا کام عوامی سیاسی تحاریک پر منحصر ہوگا۔

اس کے ساتھ گوادر کے مختصر دورے میں حق دو تحریک کے چیئرمین حسین واڈیلا و دیگر سے ملاقات کی اور حق دو تحریک کی مستقل مزاجی اور گوادر میں عوامی تحریک کو برقرار رکھنے پر خراج تحسین پیش کی۔ تنظیم اولین دنوں سے گوادر کی حق دو تحریک کو بلوچ قوم کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھتی ہے اور تمام تر پراپیگنڈہ کے بل مقابل اسے ایک عوامی تحریک کے طور پر مانتے ہوئے اس میں مذید انقلابی تبدیلیوں کےلیے کوشاں رہی ہے۔

چیئرمین نے تنظیمی دوستوں کو دھرنے کی حمایت اور کمک کا کہا اور اس کے ساتھ ہی تحریکوں کے تناظر میں تنظیم سازی کی اہمیت پر بھی بات کی۔ بی ایس او کی تنظیم سازی میں قومی کونسل سیشن کی اہمیت اور تئیسویں سیشن کی تیاریوں کے حوالے سے زور دیتے ہوئے ممبران پر جلد حکمت عملی بنا کر مرکزی کونسل سیشن کےلیے تیار رہنے کا کہا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.