بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن وڈھ زون کا زونل اجلاس زیر صدارت زونل صدر شاہ جہان بلوچ منعقد ہوا

رپورٹ : پریس سیکریٹری وڈھ زون

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن  وڈھ زون کا زونل اجلاس 18 فروری بروز اتوار زیر صدارت زونل صدر شاہجہان بلوچ منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز دنیا بھر کی محکوم اقوام اور بلوچ شہداء کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی اور انقلابی اشعار سے سے کیا گیا۔ جس کے بعد اجلاس کے ایجنڈاز میں بین الاقوامی و علاقائی صورتحال، تنظیمی امور، مرکزی قومی کونسل سیشن آگے کا لائحہ عمل اور تنقید برائے تعمیر کے ایجنڈاز بھی شامل رہے۔

ساتھیوں نے بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ آج عالمی طاقت یک طرفہ مرکز سے نکل کر کثیر طاقتوں کی طرف گامزن ہے دنیا میں اب نئے بلاکس اور نئے اتحاد بن رہے ہیں.

عالمی سیاست میں اب دنیا کی توجہ یوکرین سے ہٹ کر غزہ پر مبذول ہوگئی ہے سالہا سال نظر انداز کیا گیا مسئلہ فلسطین اب عالمی ایجنڈا میں شامل ہو گیا ہے آج سامراجی تضادات خود سامراج کے گلے میں اٹک گئے ہیں ایک طرف امریکہ اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی میں عسکری و معاشی بنیادوں پر بھرپور سپورٹ کررہا ہے تو دوسری جانب امریکہ اور اسرائیلی حمایت یافتہ ملکوں میں عام شہری فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف امریکہ کو اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانے اور فلسطینی عوام کے قتلِ عام  روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

مزید کامریڈز نے ڈسکشن کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر سامراجی طاقتوں کی آپسی رسہ کشی عالمی معاشی طاقت کے حصول کےلیے ہے جس کی بنیاد پر سامراجی قوتوں کا محکوم اقوام کو ترقی کے نام پر اپنی کالونی بنانا محکوم اقوام کی ثقافت، زبان ، قومی شناخت کو مسخ کرنا اور خاص کر ان کی سرزمین سے وسائل لوٹ کر لے جانا ان کے بنیادی مفادات ہیں۔

بلوچ قوم دنیا کی دیگر اقوام کی طرح کئی دہائیوں سے سامراجی پالیسیوں کا شکار ہے ایک طرف بلوچ قومی وسائل سیندک، ریکوڈک، اور گوادر کو ترقی کے نام پر لوٹ کھسوٹ کا  مرکز بنایا جارہا ہے، دوسری طرف بلوچ قوم کی نسل کشی کو سامراجی آلہ کاروں کے ذریعے منظم انداز سے سر انجام دی جارہی ہے ایسے میں بلوچ قوم اپنی سیاسی قوت کو منظم کرکے اپنی قومی بقا کا دفاع کرسکتی ہے۔

تنظیمی امور اور آگے کے لائحہ عمل کے ایجنڈے پر ساتھیوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک انقلابی تنظیم اپنے ادارے اور سماج کے طالب علم کو سیاسی تعلیم و شعور دیتی ہے اور تنظیم کے اندر نظریاتی و سائنسی بنیادوں پر سماج بدلنے کےلیے فیصلہ لیتی ہے، تنظیم کیڈر کی صورت میں ہمہ وقت سماج کے اندر موجود ہوتی ہے انقلابی تنظیم محکوم اقوام کےلیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انقلابی تنظیم کے ذریعے ہی سماج میں انقلابی کیڈر سازی ، انقلابی رویوں کو تقویت دینا اور انقلابی سیاسی شعور کو بڑھوتری دی جاسکتی ہے۔ آج بی ایس او بلوچ سماج میں ایک انقلابی تنظیم کے طور پر بلوچ قوم کی جہد مسلسل میں اپنے کیڈرز کو انقلابی شعور دے رہی ہے۔

ساتھیوں تنظیم کے مرکزی قومی کونسل سیشن پر گفتگو کرتے ہوٸے کہا کہ یہ بی ایس او کے ساتھیوں کی کامیابی ہے کہ وہ بیک وقت بلوچ کے اٹھنے والے ہر تحریک میں نمایاں قاٸدانہ کردار ادا کرتے رہے ہیں اور دوسری جانب بیک وقت تنظیمی فعالیت و اداروں کی آزادی، خودمختاری اور بحالی کو برقرار رکھے ہوٸے ہیں۔ قومی کونسل سیشن ایک معیاری جست کا باعث بنے گا، اور نٸے عالمی و قومی حالات میں تنظیم کے لیے مجموعی طورپر مزید تواناٸی اور ایندھن کا باعث بنے گا۔

دوستوں نے مختلف تنظیمی امور پر بحث کی، جن میں فائنانس اور تربیتی سرکلز شامل رہے۔ آگے کے لائحہ عمل کو ڈسکس کرتے ہوئے بلوچ سیاست کے شعور کی عوامی سطح پر بڑھوتری، کیڈر سازی اور ہفتہ وار اسٹڈی سرکل لگانے کے فیصلہ جات لیے گئے ۔

آخر میں تنقید برائے تعمیر کے ایجنڈے پر بات ہوئی اور کامریڈز نے تعمیری بحث میں حصہ لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.