بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شال زون کا سینئر باڈی اجلاس جامعہ بلوچستان میں منعقد

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شال زون کا سینیئر باڈی اجلاس جامعہ بلوچستان میں بروز اتوار زیر صدارت مرکزی سیکریٹری اطلاعات سہیل بلوچ منعقد کیا گیا جس میں قومی و بین الاقوامی سیاسی صورت حال ، تنظیمی امور ، اور تنقید برائے تعمیر سمیت مختلف ایجنڈاز زیر بحث رہے ۔ جب کہ اجلاس کی کارروائی یونس بلوچ نے چلائی ۔

حسبِ روایت اجلاس کا آغاز شہدائے بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے ہوا اس کے بعد عالمی سیاسی تناظر پر بات کرتے ہوئے ساتھیوں نے کہا کہ آج کے دور میں جس طرح سرمایہ دارانہ سامراجی ریاستیں اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مزید سرمایہ کے حصول کےلیے منڈیوں کا قیام عمل میں لارہی ہیں اور محکوم قوموں کو مزید پسماندگی کی طرف دھکیل رہی ہیں اس سے ایک بات تو ناگزیر ہے کہ جس طرح قدیم جاگیرداری نظام کے زوال کے بعد سرمایہ دارانہ نظام نے سر اٹھایا تھا اب اس امر میں بھی کوئی شک نہیں کہ آج کے دور میں عالمی سطح پر سرمایہ دارانہ نظام زوال کا شکار ہوچکا ہے جس کے اثرات دنیا کے تمام تر پسماندہ ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں۔

ساتھیوں نے مزید گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں کسانوں کی تحریک ابھر رہی ہے عوام مسلسل سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف انقلاب کا نعرہ بلند کر رہے ہیں اور اپنی تحریک کو تسلسل کے ساتھ منظم کررہے ہیں۔ پاکستان جیسے ریاست کا بینک کرپٹ ہونا اور سیاسی عدم استحکام کا شکار ہونا بھی اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ سرمایہ کے حصول کی اس جنگ میں جو ریاست طاقت ور ہے وہ اپنی بقا کو برقرار رکھنے کےلیے مزید دوسری طاقتور ریاستوں کے ساتھ ہاتھ مِلا رہی ہے اور جو کمزور ہے وہ داخلی و بیرونی عدم استحکام سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

تنظیمی امور پر بات کرتے ہوٸے ساتھیوں نے کہا کہ انقلاب کےلیے تنظیم کا ہونا لازم ہے اور تنظیم کےلیے انقلابی نظریے کا ہونا ضروری ہے۔بی ایس او مارکسسٹ لیننسٹ فکر و فلسفے پر عمل پیرا ایک انقلابی مادر علمی تنظیم ہے۔اور اسی فکر و فلسفے کی بنیاد پر اس نے شہید حمید، فدا و شاہین جیسے رہبر تراش کر قوم کو دیے اس عظیم انقلابی ادارے نے جہاں مزاحمت کی نت نٸی داستانیں رقم کی ہیں تو وہیں پر ایک نیا انقلابی و مزاحمتی کلچر بھی جنم دیا ہے۔ ضروری یہ ہے کہ اس انقلابی ادارے کو اس کی نظریاتی اساس اور مزاحمتی جدوجہد کے پیراٸے میں بنا کسی مفاد پرستی و موقع پرستی کے بحال کیا جاٸے اور عوام کو اسی انقلابی ادارے کے نظریات کے گرد منظم کیا جاٸے۔

آٸندہ کے لاٸحہ عمل میں بی ایس او شال زون کی آرگناٸزنگ باڈی تشکیل دے دی گٸی جس میں یونس بلوچ آرگناٸزر، میر وائس بلوچ ڈپٹی آرگناٸزر، یاسر بلوچ پریس سیکریٹری منتخب ہوٸے جبکہ جمال بلوچ اور نسیم بلوچ آرگناٸزنگ باڈی کے ممبر منتخب ہوٸے ۔ بعد ازاں آرگنائزنگ باڈی کے منتخب دوستوں سے مرکزی سیکریٹری انفارمیشن سہیل بلوچ نے حلف لے لیا اور اجلاس کا اختتام کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.