وڈھ یونیورسٹی کیمپس کے اساتذہ و دیگر ملازمین کی احتجاجی ریلی کی مکمل حمایت کرتے ہیں، بی ایس او وڈھ زون
بی ایس او وڈھ زون کے ساتھیوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تعلیم دشمن عناصر اور استحصالی طبقے بلوچستان کو مسلسل جہالت اور اندھیروں میں جھونکنے کی کاوشوں میں مصروف ہیں۔ ایک طرف تو بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا پہلے سے فقدان ہے تو دوسری جانب تعلیمی اداروں میں اساتذہ، طلبہ و ملازمین کو سینکڑوں مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے اور اداروں کو سوچی سمجھی سازش کے تحت بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جاتا ہے۔
زونل سطح پہ لوامز وڈھ کیمپس کے ملازمین کے جائز مطالبات کے حق میں 30 تاریخ کی احتجاجی ریلی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، اور وڈھ کے باشعور عوام، طلبہ، تاجر برادری اور سیاسی و سماجی شخصیات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے تعلیمی ادارے میں سہولیات کی فراہمی، ملازمین کی مستقلاً تقرری سمیت کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ ملنے تک اپنا کردار ادا کریں اور اس تعلیم دشمن منصوبے کے خلاف احتجاج میں شرکت کرکے علم دوستی کا ثبوت دیں۔