بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مستونگ زون کا اجلاس منعقد ہوا۔ پانچ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جبکہ مستونگ زون نے طلبہ طاقت بحالی مارچ میں بھرپور شرکت کیلئے تیاریاں تیز کرنے کا اعادہ کیا

رپورٹ: مستونگ زون، بی ایس او

آج 16 نومبر بروز سوموار کو بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (مستونگ زون) کا زونل باڈی اجلاس زیر صدارت سینئر وائس چیئرمین غلام محمد بلوچ منعقد ہوا جبکہ اجلاس کے مہمان خاص مرکزی ترجمان اورنگزیب بلوچ تھے۔ اجلاس میں تعارفی نشست، ملکی و بین الاقوامی صوتحال، تنظیمی امور، آئندہ کا لاعمل اور تنقید برائے تعمیر کے ایجنڈے زیر بحث رہے جبکہ اجلاس کی کاروائی زونل پریس سیکرٹری اختر شاد بلوچ نے چلائی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی قوتوں کے توازن میں تبدیلی کے باعث سیاسی و سماجی حالات تیزی کے ساتھ تبدیل ہونے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ان بدلتی حالتوں کا تیسری دنیا پر بلواسطہ اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ بڑی سامراجی قوتوں کا آپسی چپقلش تاریخی طور پر تیسری دنیا کے افراد پر جنگیں مسلط کرنے کا سبب بنتی رہی ہیں اور پہلے سے جنگی حالتوں میں رہنے والے مظلوم قومیتوں کی حالت مزید گھمبیر ہوگئی ہے اور جبر کی حالتوں میں تیزی کا سبب بن رہے ہیں اس لئے ضروری ہیکہ آج کا نوجوان اپنی حالتوں کا درست ادراک کرنے کیلئے سائنسی نظریات کا دامن اپنا کر بلوچ سماج میں سیاسی و سماجی بیداری پیدا کرنے میں اپنا تاریخی فریضہ سر انجام دے۔

مزید برآں اجلاس میں تنظیمی امور پر تفصیلی بحث کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل میں اہم فیصلہ جات لئے گئے جن میں بی ایس او کے 53 واں یوم تاسیس کے موقع پر طلبہ طاقت بحالی مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے مستونگ کے نوجوانوں کی جانب سے بھرپور شرکت کرنے کا احاطہ کیا گیا۔ جبکہ آخر میں بی ایس او کی پانچ رکنی زونل آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے مطابق زونل آرگنائزر جہانزیب بلوچ، ڈپٹی آرگنائزر فرحان بلوچ، پریس سیکرٹری اختر شاد بلوچ جبکہ فرہاد بلوچ اور سراج بلوچ کمیٹی کے ممبران منتخب ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.