بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کے آرگنائزر عقیل جلال کی زیرصدارت مکران میڈیکل کالج یونٹ کا اجلاس منعقد، یونٹ باڈی تشکیل دی گئی جسکے مطابق نادر بلوچ یونٹ سیکریٹری جبکہ عزیز بلوچ ڈپٹی یونٹ سیکریٹری منتخب ہوئے۔

رپورٹ: تربت زون، بی ایس او

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کے مکران میڈیکل کالج کا یونٹ باڈی اجلاس زونل آرگنائزر عقیل جلال کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں تنظیم کے مرکزی سینئر جوائنٹ سیکرٹری جیئند بلوچ مہمان خاص تھے جبکہ مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکریٹری ظفر رند اور مرکزی کمیٹی کے ممبر خلیفہ بلوچ نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف ایجنڈے زیر بحث لائے گئے جس میں تعارفی نشت، طلبہ سیاست، تنظیم (بی ایس او) اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے شامل تھے۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز شہدائے بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا اور بعدازاں تعارفی نشست میں دوستوں کے تعارف کے ساتھ یونٹ اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

طلبہ سیاست کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے بی ایس او کے ساتھیوں نے کہا کہ دور حاضر میں اگر تیسری دنیا میں نظر دوڑائیں تو ہمیں سامراجی قوتوں کی واضح پالیسی ان کلائنٹ ریاستوں کی صورت میں نظر آتی ہے جن کا بنیادی کام ہوتا ہے کہ وہ اپنے اداروں کے ذریعے تیسری دنیا میں لیڈرشپ کی پیداوار کو روک کر اپنے استحصالی پالیسیوں کی تسلسل کو برقرار رکھیں۔ مگر ہمیں بحثیت تیسری دنیا کی مخلوق ان استحصالی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت کرنے کیلئے لیڈرشپ پیدا کرنے کی تسلسل کو تیز تر کرنا ہوگا تاکہ اس بزگر قوم کی رہنمائی کر کے روشن مستقبل کا ضامن بنا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ بلوچستان کی طلبہ سیاست ہی وہ پلیٹ فارم ہے کہ جس کو لیڈرشپ پیدا کرنے کی صلاحیت کا حامل حاصل ہے تو لہذا ہم پر فرض بنتا ہے کہ ہم اس عظیم جدوجہد کا حصہ بن کر قوم و راج کی رہنمائی کرکے اپنی قومی ذمہ داری کا فرض نبھائیں۔

جبکہ تنظیم کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے بی ایس او کے رہنماؤں نے کہا کہ دور حاضر میں جب ہم بلوچ سماج پر نظر دوڑاتے ہیں تو ہمیں سیاسی بحرانات کا واضح طور پر پیغام ملتا ہے۔ اگر حالیہ واقعات جو کیچ میں رونماء ہوئے ہیں ان کا جائزہ لیں تو ہمیں لیڈرشپ کی مکمل بحران نظر آتی ہے۔ دراصل ان سیاسی بحرانات کی وجہ طلبہ سیاست کی زوال ہے۔ آج اگر ہم بلوچ سماج کو ان بحرانات سے نکالنا چاہتے ہیں تو ہمیں انفرادیت سے نکل کر اجتماعیت کی طرف جانا پڑے گا اور ایک منظم طریقے سے جدوجہد کرنا ہوگا۔ جدوجہد کیلئے کلیدی کردار منظم ڈسپلن کے تحت کیا جاتا ہے جوکہ تنظیم کی صورت میں یقینی بنتا ہے۔ اسی لئے ہم تنظیم کاری و کیڈرسازی کو اولیت و فوقیت دیتے ہوئے بی ایس او کے کارواں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کے مکران میڈیکل کالج کے یونٹ کا باقائدہ تشکیل عمل میں لایا گیا جس میں تمام ساتھیوں کے مشترکہ اور باہمی اتفاق سے نادر بلوچ کو یونٹ سیکرٹری جبکہ عزیز بلوچ کو ڈپٹی یونٹ سیکٹری منتخب کیا گیا۔
 

Leave a Reply

Your email address will not be published.