اوتھل یونیورسٹی انتظامیہ کا گلناز بلوچ کے خلاف بیانیہ و کمیٹی کی تشکیل قابل مذمت ہیں، انتظامیہ نوٹس فوری طور پر واپس لے: بی ایس او اوتھل زون

ترجمان: بی ایس او اوتھل زون

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوتھل زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ چند مہینے پہلے لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک پارٹی منعقد کی گئی تھی جس میں ناچ گانے، بلوچی چاپ اور دیگر شوبز کی تقریبات بھی شامل تھے۔ اسی دوران آواران سے تعلق رکھنے والے عامر/گلناز نامی ایک اسٹوڈنٹ جو کہ لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے آٹھویں سمسٹر کی اسٹوڈنٹ ہیں بلوچی کپڑوں میں ایک انتہائی خوبصورت انداز میں رقص کرتی ہوئی دیکھائی دے رہی ہیں۔ پارٹی میں شامل چند طلباء عامر/گلناز کی ایک ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔

اور اس کے بعد بلوچ کلچر، عزت و غیرت کے ٹھیکیدار اور قدامت پسند مذہبی ذہنیت کے تنگ نظر ملاؤں کو عامر/گلناز بلوچ کی بلوچی کپڑوں میں رقص بلوچ کلچر اور بلوچ غیرت کے خلاف کرار دے کر طرح طرح کے غیر اخلاقی اور منفی پراپیگنڈے کرتے ہوئے دیکھائی دے رہے ہیں جو کہ ایک انتہائی اعلیٰ درجے کی جاہلیت اور کُند ذہنیت کی علامت ہے جس کی بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوتھل زون بھرپور مذمت کرتی ہے۔

زونل ترجمان نے مزید کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اس عمل کو غیر اخلاقی قرار دے کر مزکورہ شخص کے اس عمل کے خلاف ایک بیان جاری کر دیا گیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ مزکورہ شخص کے خلاف ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی جوکہ ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم جامعہ لسبیلہ انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی اس غیر سنجیدہ قدم کو واپس لے لیں اگر مزید انتظامیہ کی جانب سے مزکورہ شخص پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ہم سخت سے سخت ترین احتجاج کرنے کا حق بھی رکھتے ہیں، کیونکہ اگر انتظامیہ ہی ان طلباء کو نیچا دکھا کر ھراسمنٹ کا شکار بناٸے گا اور ان کو مایوس کرنے کا سبب بنے گا تو ایسے اداروں میں فقط کند ذہن، روایتی جی حضوری کرنے والے ذہنی مریض غلام ہی پیدا ہوں گے۔ اور ایسے انسان پیدا کرنا کسی ساٸنسی یونیورسٹی کا کام نہیں بلکہ یہ ایک روایتی جرگے کا کام ہے۔

زونل ترجمان نے کہا کہ ہم سختی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یونیورسٹی انتظامیہ فوراً اپنے دقیانوسی نفسیات پر مبنی تحقیقاتی کمیٹی کے نوٹس کو واپس لے اور گلناز بلوچ کی حفاظت کو یقینی بناٸے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.